پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے،طارق فاطمی

May 31, 2016

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضروت ہے، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے۔

طارق فاطمی نے ان خیالات کا اظہار آسٹریلوی محکمہ برائے خارجہ امور و تجارت کے نائب سیکرٹری اور افغانستان و پاکستان سے متعلق آسٹریلیا کے خصوصی ایلچی ریک ویلز سے ملاقات میں کہی۔

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق طارق فاطمی نے آسٹریلیا کے خصوصی نمائندہ کو ترقی کیلئے امن اور پر امن ہمسائیگی کے وزیراعظم نواز شریف کے وژن سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پر عزم ہے کیونکہ مستحکم اور اقتصادی لحاظ سے مضبوط افغانستان پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان عوام اور حکومت کی سربراہی میں مصالحت کیلئے مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے افغان مسلہ حل نہیں کیا جاسکتا، گزشتہ 15سال سے طاقت کے استعمال سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہوا۔ مذاکرات سے ہی یہ مسلہ حل کیا جاسکتا ہے۔

ریک ویلز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کا چھٹا اجلاس یکم جون کو اسلام آباد میں ہوگا۔

اجلاس میں دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور زیربحث آئیں گے۔ آسٹریلین نائب سیکرٹری نے افغانستان میں مصالحتی کوششوں میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ سماء/اے پی پی

Afghan peace process

Tabool ads will show in this div