لندن؛وزیراعظم کی رہائشگاہ کے باہرپی ٹی آئی کا مظاہرہ
لندن: پانامہ لیکس کے معاملے پرلندن میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہرمظاہرہ کیا۔ مسلم لیگ ن نے بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا اعلان کردیا ۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے لندن میں وزیراعظم نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہرمظاہرہ کر کے شدید نعرے بازی کی۔ لندن کا ہائیڈ پارک حساب دو، جواب دو کے نعروں سے گونج اٹھا۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے بڑی تعداد میں وزیراعظم نواز شریف کے فلیٹس کے باہر جمع ہو کر جم کے نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ وزیراعظم نواز شریف پاناما پیپرز سے اٹھنے والے سوالات کا جواب دے کرتمام حقیقت اور سارے اثاثے سامنے لائیں۔ مسلم لیگ ن نے بھی لندن میں مظاہرے پر فوری رد عمل کا اظہارکردیا۔ لیگی رہنما عظمی بخاری نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئےاینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے آف شور کمپنی تو 1983 میں عمران خان نے بنائی تھی۔ پہلے وہ بتائیں کہ اتنا عرصہ معاملے پر خاموش کیوں رہے اور سچ کیوں چھپایا۔ سماء