ترکی کیلئے فری ویزا انٹری میں تاخیر کا امکان ہے،جرمن چانسلر
استنبول: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے ترک شہریوں کو شینگن ممالک میں سفر کے لیے ویزا کی پابندی کا خاتمہ تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔
جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق انجیلا مرکل کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہے، جب یہ خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ ترک حکومت اس مقصد کے لیے یورپی یونین کی شرائط پر عمل درآمد میں کامیاب نہیں ہو پائے گی۔
مزید پڑھیں؛ یورپی یونین کی رکنیت ہماری ترجیح ہے، ترک صدر
ترک شہر استنبول میں جرمن چانسلر نے ترک صدر رجب طیب اردوآن سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ترک شہریوں کے لیے شینگن ممالک میں بغیر ویزا سفر پر پابندی کا خاتمہ جلد ممکن نہیں ہو گا۔ اس سے قبل اس سلسلے میں جولائی تک کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ترکی اور یورپی یونین کے درمیان مہاجرین کے موضوع پر طے پانے والے معاہدے کے تحت ترک حکومت نے ترک سرزمین کا استعمال کر کے بحیرہ ایجیئن کے راستے غیرقانونی طور پر یورپ پہنچنے والے مہاجرین کو قبول کرنے پر اتفاق کیا تھا، جب کہ اس کے بدلے یورپی یونین نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ترک شہریوں کے لیے شینگن ممالک کے سفر کے لیے ویزا کی شرط ختم کر دے گی۔ سماء/اے پی پی