مقدمہ بھی خلاف اور بینچ میں بھی بیٹھیں، چیف جسٹس صاحب اب ایسا نہیں ہوگا، مریم
پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نوازنے کہا ہے کہ عمران خان وطن کا غدار ہے ،اب اس کا ٹکٹ کوئی نہیں لے گا ، چیف جسٹس کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ مقدمہ بھی آپ کیخلاف ہو اور بینچ میں بھی آپ بیٹھیں یہ اب نہیں ہوسکتا، ساتھی جج اورساس کے خلاف ہو اورمقدمہ آپ سنیں، سیاسی انتقام پر کوئی یقین نہیں رکھتے۔
وہاڑی میں مسلم لیگ ن کےیوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ 9مئی کےواقعات پرمیرادل جلاہواہے،خون کےآنسوروتاہے،آج کامسلم لیگ ن کااجتماع شہداء اورغازیوں کےنام کرتی ہوں،عمران خان وطن کا غدارہے ،اب اس کا ٹکٹ کوئی نہیں لے گا ،اورجو اس کا ٹکٹ لے گا، عوام کے پاس ماچس ہوگی اور وہ امیدوار کا وہ حال کریں گے جو نو مئی کو پاکستان کا کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ مقدمہ بھی آپ کیخلاف ہو اور بینچ میں آپ بیٹھیں یہ نہیں ہوسکتا، ساتھی جج اور ساس کے خلاف ہو اور مقدمہ آپ سنیں، اب یہ نہیں ہوگا کہ ملزم اور منصف آپ خود ہی ہوں، اب ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہوگی اورایسا نہیں ہوگا کہ ملزم خود اپنی مرضی سے بینچ بنائے اور فیصلے کرے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کہا کہ عمران خان نے نو مئی کو بھی سوچا تھا کہ عسکری تنصیبات پر حملے کر کے دباؤ ڈالے گا اور اپنی باتیں منوا لے گا، قدرت دیکھیں کل تک رعونت میں ڈوبا عمران خان آج پوری دنیا میں بے بسی کی تصویر بنا بیٹھا ہے، فتنے کی باتوں میں آنے والے غریب کے بچے جیلوں میں جبکہ اس کے اپنے بچے لندن میں ہیں، بھانجھا حسان نیازی آزاد اور خدیجہ شاہ بھی اب بیرون ملک کی باتیں کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات کا ماسٹرمائنڈ عمران خان ہے، جس نے اپنی گرفتاری سے پہلے ایسے منصوبہ بنایا اوراہداف مقرر کیے جیسے غاروں میں بیٹھے دہشت گرد پلاننگ کرتے ہیں،کورکمانڈر لاہورآفس کے راستے میں حکومتی عمارات اور شاپنگ سینٹرز آتے ہیں مگر وہاں کسی نے کوئی توڑ پھوڑنہیں کی اوریہ سیدھا کور کمانڈر ہاؤس پر جاکر حملے کیے ،شرپسندوں نے اُس طیارے پر حملہ کیوں نہیں کیا جس کوعمران خان نے اپنی حکومت میں رکشے کی طرح استعمال کیا،کیونکہ سارے منصوبے اوراہداف کاغذ پر بنائے گئے تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم نے بھی جنرل باجوہ اور فیض کے خلاف اسٹینڈ لیا، نواز شریف نے اُس وقت کہا تھا کہ قوم جواب مانگتی ہے اور دینا پڑے گا، یہ بات نوازشریف نے 2019 اور 2020 میں کہی تھی اور ساتھ فوج کو سیلوٹ مارا تھا، نواز شریف اور اُس کی بیٹی قدرت پر یقین رکھتے ہیں اور سیاسی انتقام پر کوئی یقین نہیں رکھتےہیں۔