عمران خان کی جانب سے 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہورہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں پانچ رکنی فل بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی تو عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے نشاندہی کی کہ 71 سالہ شخص کیخلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے جارہے ہیں جس پر عدالت نے انہيں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکی باتیں ٹاک شو کیلئے بہترین ہیں۔
سرکاری وکیل نے بتایاکہ عمران خان کیخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ فراہم کرچکے ہیں جتنا ریلیف عمران خان کو دیا گیا شاید ہی کسی کو ملا ہو جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے عدالتوں میں روزانہ سائلین کو حفاظتی ضمانتیں ملتی ہیں۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ 9 مئی کے روز عمران خان کو نیب نے اسلام آباد سے گرفتار کیا ليکن لاہور میں جو مقدمات درج ہوئے ہیں ان میں بھی عمران خان کو نامزد کردیا گیا۔ جس پر عدالت نے کہا کہ آپ متعلقہ عدالت جاکر یہ سب چیزیں ثابت کریں عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
عدالت سے عمران خان نے ملک بھرمیں درج مقدمات کی کاروائی روکنے اور ویڈیو لنک کے ذريعے سماعت کی استدعا کررکھی ہے۔