9 مئی واقعات، ایسے امر کو برداشت نہیں کرینگے، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان بھر میں ملی جوش جو جذبے سے منائے جانے والے یومِ تکریم شہداءِ پاکستان کے حوالے سے جنرل سیّد عاصم منیر نے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا ۔
اسلام آباد پولیس کے آفیسرز اور جوانوں کے ساتھ پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ وہ شہداء جنہیں اللہ نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی، اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ شہداء کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج کے دن عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔
قبل ازیں پولیس لائن آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف کا استقبال انسپیکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کیا۔
آرمی چیف کی بچوں سے غیر رسمی ملاقات
اس سے قبل یوم تکریم شہدائے پاکستان پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سکول کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہداء کے بچوں سے بھی ملاقات کی، جنرل عاصم منیر نے سکولز اور شہداء کے بچوں کے سر پر دست شفقت بھی رکھا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج شہداء کے بچوں کی وارث ہے، شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے۔ پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔