کچی آبادیوں کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس تمام اسمبلیاں مکمل ہونے تک ملتوی
سپریم کورٹ نے کچی آبادیوں کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں مکمل ہونے تک ملتوی کردی۔
سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران درخواستگزار بلال منٹو نے بتایا کہ درخواست دائر ہونے کے بعد بہت پیشرفت ہوچکی ہے۔ درخواستوں میں قانون سازی اور پالیسی کا ایشو شامل ہے۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن نے ایک مجوزہ قانون بھی عدالت میں جمع کروایا تھا۔ اس وقت پنجاب اور کے پی اسمبلیاں موجود نہیں۔ ساری اسمبلیاں موجود ہوں تو کیس مقرر کیا جائے۔
وکیل سی ڈی اے نے بتایا کہ عدالت نے سی ڈی اے کو کچی آبادیوں کیخلاف آپریشن سے روک رکھا ہے۔کچی آبادیوں کے ساتھ مزید تجاوزات قائم کی جارہی ہیں۔ عدالت تجاوزات کے خلاف آپریشن کی اجازت دے۔
جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دئیے کہ اگر ایسے اجازت دی تو پھر آپ کو کون روک سکے گا۔ نئی کے چکر میں سی ڈی اے پرانی آبادیوں کو بھی ختم کردے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے سی ڈی اے تمام تفصیلات کے ہمراہ درخواست دائر کرے جائزہ لینگے۔ کیس کی مزید سماعت تمام اسمبلیاں مکمل ہونے تک ملتوی کردی گئی۔