اسرائیل نے مزید 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا
اسرائیل نے مغربی کنارے میں چھاپے کے دوران مزید 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں نابلس کے بلاطہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں شہید ہونے والے تین افراد کی شناخت محمد ابو زیتون (32 سال)، فتحی ابو رزق (30 سال) اور عبداللہ ابو حمدان (24 سال) کے نام سے کی ہے۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے اس بارے میں کوئی بیان نہیں دیا
فلسطینی صدر محمود عباس کی فتح پارٹی کے مسلح ونگ الاقصیٰ شہداء بریگیڈ نے بیان میں کہا ہے کہ یہ تینوں اس گروپ سے وابستہ تھے۔
عینی شاہدین نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے مطلوب افراد کی تلاش میں رات بھر کیمپ میں کئی گھروں پر چھاپے مارے۔ گولیاں چلنے اور زوردار دھماکوں نے کیمپ کو ہلا کر رکھ دیا، اور دھماکوں سے مکان منہدم ہو گیا۔
خیال رہے کہ مغربی کنارے پر اسرائیل نے 1967ء کی چھ روزہ جنگ کے بعد سے قبضہ کر رکھا ہے۔ یہاں تقریباً 30 لاکھ فلسطینی رہتے ہیں، ان کے ساتھ تقریباً 490,000 اسرائیلی بھی بستیوں میں رہتے ہیں جنہیں عالمی قوانین کے تحت غیر قانونی سمجھا جاتا ہے۔
تشدد کی تازہ ترین کاروائی، ہلاکتیں اسرائیل، اسلامی جہاد عسکریت پسند گروپ کے درمیان 5 روزہ سرحد پار تنازعے کے بعد غزہ میں نازک جنگ بندی کے صرف ایک ہفتے بعد ہوئی ہیں۔
دونوں جانب کے سرکاری ذرائع سے مرتب کردہ اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق سال کے آغاز سے لے کر اب تک کم از کم 153 فلسطینی، 20 اسرائیلی، ایک یوکرینی اور ایک اطالوی اسرائیلی شہری تشدد کی کاروائیوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔