ژوپ:جماعت اسلامی کے قافلے پر حملہ،سراج الحق محفوظ رہے
امیر جماعت اسلامی سراج الحق سراج الحق پر بلوچستان کےعلاقے ژوب میں خود کش حملہ کیا گا۔ ترجمان کے مطابق امیر جماعت اسلامی کو معمولی زخم آئے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق جلسے سے خطاب کیلئے بلوچستان کے علاقے ژوب جارہے تھے جہاں شہر میں داخلے سے قبل ان کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ خودکش حملہ آور مارا گیا جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق محفوظ ہیں تاہم انہیں معمولی زخم آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں ابتدائی طور پر 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئیں، دھماکے میں ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق آج جماعت اسلامی کا ژوب میں جلسہ تھا، انتظامیہ کی جانب سے جلسے سے قبل کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا تھا، تمام حالات نارمل تھے جلسے کے انتظامات بھی مکمل تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر ژوب حافظ طارق کا کہنا ہے کہ دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق دھماکے میں محفوظ رہے، حملے میں معمولی نوعیت کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دھماکے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی گاڑی کے قریب کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہے، اس دوران زور دار دھماکا ہوا ہے اور لوگ خوفزدہ ہوکر بھاگتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ سراج الحق کا تعلق دیرسے ہے، وہ کئی سال سے امیر جماعت اسلامی اور سینیٹر ہیں۔ سراج الحق خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔