روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں دوبارہ اضافہ
ملک میں گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کے اثرات ملکی کرنسی پر پڑنے لگے، ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید بیس پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 285 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 285 روپے 82 پیسے ہو گئی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال نے ملکی کرنسی پر شدید اثرات ڈالے ہوئے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے تاحال قسط کا موصول نہ ہونے اور حکومت کی طرف سے معاہدے سے نکلنے کے عندیہ نے بھی صورتحال گومگوں رکھی ہوئی ہے۔