شامی صدر بشار الاسد سعودی عرب پہنچ گئے
شام کے صدر بشار الاسد سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق بشار الاسد جمعے کو عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جب شام کو رواں ماہ 11 سال بعد علاقائی تنظیم میں بحال کیا گیا تھا۔
الجزیرہ کے مطابق الاسد اور اس کی حکومت کو 2011 میں حزب اختلاف کے مظاہرین کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن اور اس کے نتیجے میں شام میں تباہ کن جنگ کی وجہ سے دور کردیا گیا تھا۔
لیکن شامی صدر کی سعودی عرب میں آمد عرب ریاستوں کی اکثریت کی جانب سے تعلقات بحال کرنے کی کوشش کی تازہ ترین مثال ہے۔
میزبان ملک پہلے مسلح اپوزیشن گروپوں کا اہم حمایتی تھا جو شام کی جنگ کے دوران الاسد کا تختہ الٹنا چاہتے تھے۔
تاہم حالیہ مہینوں میں ریاض نے تنازعے کو ختم کرنے کے لیے بات چیت پر زور دیا ہے، جس میں 5 لاکھ افراد ہلاک اور شام کی جنگ سے پہلے کی آبادی کا نصف بے گھر ہو چکے ہیں۔
بشار الاسد کی فوجوں نے شام کے زیادہ تر حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، اہم اتحادی روس اور ایران کی بدولت جنہوں نے طاقت کے توازن کو حق میں کرنے میں مدد کی۔
خیال رہے کہ 2000 میں سابق صدر حافظ الاسد کی موت کے بعد بشار الاسد کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے شام اور سعودی عرب کے تعلقات کشیدہ تھے۔ دونوں ممالک نے 2012 میں تعلقات منقطع کر لیے۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا۔
شام کے عرب ممالک میں دوبارہ انضمام کی طرف جانے والے اقدامات کم از کم 2018 تک واپس چلے جاتے ہیں جب متحدہ عرب امارات نے دمشق کے ساتھ تعلقات دوبارہ قائم کیے تھے۔
فروری میں شمالی شام اور جنوبی ترکیہ میں آنے والے زلزلوں کے بعد اس عمل میں تیزی آئی، جس سے اس علاقے سے امداد کی آمد شروع ہوئی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خطے میں امن کے لیے زور دے رہے ہیں اور گزشتہ مہینوں کے دوران ریاض نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر کیا ہے۔ شام کے ساتھ تعلقات بحال کیے ہیں اور یمن کی جنگ میں مملکت کی برسوں سے جاری شمولیت کو ختم کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
ایران، جو شامی حکومت کا ایک اہم حمایتی ہے، نے مارچ میں چین میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
سعودی ایران تعلقات کی تجدید سے مشرق وسطیٰ کے ان ممالک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جہاں دونوں حریف گروپوں کی حمایت کرتے ہیں۔