سپریم کورٹ کا مولانا ہدایت الرحمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم
سپریم کورٹ نے مولانا ہدایت الرحمان کو ضمانت پر رہا کر دیا۔
جسٹس سردارطارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی ہے۔بینچ میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہیں۔سپریم کورٹ نے مولانا ہدایت الرحمان کو ضمانت پررہا کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے 3 لاکھ ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکرلی ۔عدالت نے گزشتہ سماعت پر فریقین کو نوٹس جاری کئے تھے۔
مولانا ہدایت الرحمان حق دو گوادر تحریک کے سربراہ ہیں، وہ کئی بار حکومتی پالیسیوں پر دھرنا دے چکے ہیں،جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔
حق دو گوادرتحریک نے گوادر کے پانیوں میں بڑے ٹریلرز کے شکار کرنے پر پابندی سمیت کئی مطالبات حکومت کے سامنے رکھے تھے۔
صوبائی حکومت اور حق دو گوادرتحریک کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد انہیں گرفتارکرلیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو سٹی تھانہ گوادرمیں مولانا ہدایت الرحمان سمیت دیگرساتھیوں پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں ان پر الزام لگایا گیا کہ حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے دھرنے کے شرکاء کو اشتعال دلایا اورسرکاری گاڑیوں پر پتھراؤ کروا کر لوگوں کو زخمی کیا۔