لنکڈ ان کا 700 سے زائد ملازمتوں میں کمی کا فیصلہ
لوگوں کیلئے جابز کے مواقع ڈھونڈنے والی ویب سائٹ لنکڈ ان نے 716 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مائیکرو سافٹ کارپوریشن کی زیر ملکیت ادارے نے چین سے متعلق جابز ایپلیکیشن بھی بند کرنے کا اعلان کردیا۔
مائیکروسافٹ کارپوریشن کی زیر ملکیت سوشل میڈیا نیٹ ورک لنکڈ ان کاروباری پیشہ ور افراد کو نوکری کے مواقع ڈھونڈنے میں مدد فراہم کرتا ہے تاہم اب اس نے خود ہی 700 سے زائد افراد کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ وہ 716 ملازمتیں کم کر دے گا، جبکہ اپنی چین سے متعلق ملازمت کی ایپلیکیشن بھی بند کر دے گا۔
لنکڈ ان جس کے دنیا بھر میں ملازمین کی تعداد 20 ہزار ہے، نے گزشتہ سال کے دوران ہر سہ ماہی میں آمدنی میں اضافہ کیا ہے لیکن اب یہ کمزور عالمی اقتصادی صورتحال کے پیش نظر اپنے کارکنوں کو فارغ کرنے میں پیرنٹ کمپنیوں کے ساتھ سمیت دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ شامل ہوگیا۔
لے آفس ڈاٹ ایف وائی آئی کے مطابق گزشتہ 6 مہینوں میں عالمی سطح پر 2 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ٹیک ملازمتیں ختم کردی گئیں۔
لنکڈ ان اشتہار کی فروخت کے ذریعے اور اس کے ساتھ ساتھ بھرتی کرنیوالے اور سیلز پروفیشنلز کیلئے سبسکرپشنز فیس چارج کر کے پیسہ کماتا ہے، اس نیٹ ورک کو دنیا بھر میں صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر نوکری کے مواقع تلاش کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لنکڈ ان کے سی ای او ریان روسلانسکی کی جانب سے ملازمین کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملازمتوں میں کمی کا فیصلہ سیلز، آپریشنز اور سپورٹ ٹیموں کے کاموں کو ہموار کرنا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مارکیٹ اور گاہک کی طلب میں زیادہ اُتار چڑھاؤ آنے کے ساتھ اور ابھرتی ہوئی اور ترقی کی منڈیوں کو زیادہ مؤثر طریقے سے پیش کرنے کیلئے ہم وینڈرز کے استعمال کو بڑھا رہے ہیں۔
لنکڈ ترجمان نے کہا کہ وینڈرز ”بیرونی شراکت دار“ تھے جو نئے اور موجودہ کام کو انجام دیں گے۔
لنکڈ ان سربراہ کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ ملازمتوں میں کمی کے فیصلے سے 250 نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ملازمتوں میں کمی سے متاثر ہونیوالے ملازمین بھی ان جابز کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں۔