عمران خان کا آئندہ ہفتے سے سڑکوں پر آنے کا اعلان
تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نےآئندہ ہفتے سے سڑکوں پر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودہ مئی کوالیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال سے اظہاریکجہتی کے لیے لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی عمران خان ریلی کی قیادت میں زمان پارک سے روانہ ہوئی۔ عمران خان نے زمان پارک سے لکشمی چوک تک ریلی کی قیادت کی۔
ریلی سے خطاب میں عمران خان نے آئندہ ہفتے سے سڑکوں پر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 14 مئی کو الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے بلاول کے کہنے پرکمانڈر چینج کر دیا تھا،ہمارے اوپرقاتلانہ حملے ہوئے کسی کو پرواہ نہیں،مجھ دودفعہ قتل کرنے کی کوشش کی گئی،جب تک الیکشن نہیں ہوتے سانس نہیں لیں گے ،قوم کا نقصان ہورہا ہے انکو پرواہ نہیں ہے۔
اس سے پہلے ریلی کے آغاز پر کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ میں اپنی ریلی کا آغاز کر رہا ہوں، آج آپ جہاں بھی ہیں، آپ کے لیے ضروری ہے آئین، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے لیے گھر سے باہر نکلیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج ایک گھنٹے کے لیے آپ کو ہر صورت میں باہر نکلنا ہے، اگر اس ملک کا آئین ٹوٹ گیا تو ملک ٹوٹ جائے گا، اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو آئین ختم ہو جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ اگرایسا ہوتواس ملک کا اورآپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔