4 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت، ایران کا اظہار افسوس
بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کے چار اہلکاروں کی شہادت کے بعد ایران نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا تھا کہ یکم اپریل 2023 کو ایرانی سرحد پر موجود دہشت گردوں کے گروپ نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے جلگئی سیکٹر میں معمول کے گشت پر مامور سیکیورٹی فورسز پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں چار اہلکار شہید ہو گئے۔
بیان کے مطابق حملے میں نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور سپاہی عبدالرشید سمیت 4 فوجی شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی سرحد پر موجود ان دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایرانی فریق سے ضروری رابطہ کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں، ایرانی سرزمین سے دہشت گردوں کا پاکستانی چوکی پر حملہ، 4 فوجی شہید
یاد رہے رکہ یہ پہلا موقع نہیں ایران کی سرحد سے دہشت گردوں نے پاکستان کی حدود میں کارروائی کی ہو بلکہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کے حملے مسلسل ہوتے رہے ہیں۔ اسی طرح کا ایک واقعہ رواں سال جنوری میں پیش آیا تھا جب ضلع پنجگور میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔
دوسری طرف اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے خلاف ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
ایرانی سفارتخانے کی طرف سے مزید بتایا گیا کہ چار سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرنے کے ساتھ ان کے لیے دُعا گو ہیں۔
ٹویٹ میں مزید بتایا گیا کہ دہشت گردی پاکستان اور ایران کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اب وباء کے خلاف جنگ میں دو مسلم ممالک نے قیمتی جانوں کا نذرانہ دیا ہے، بلاشبہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے سے دہشت گرد گروہوں کو اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے سے روکا جا سکے گا۔