اسلام آباد،لاہور،کراچی ائر پورٹس آؤٹ سورس کرنے کیلئے اہم پیش رفت
اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے بین الاقوامی ائر پورٹ کو آؤٹ سورس کرنے کیلئے اہم پیش رفت، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کو بطور ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کرنے کیلئے معاہدے کے مسودے کی منظوری دیدی۔
ایوی ایشن ڈویژن نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر پورٹ کو آؤٹ سورس کرنے سے متعلق سمری وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی۔
ای سی سی کو بتایا گیا کہ تین بین الاقوامی ائر پورٹس کو آوٹ سورس کرنے کا مقصد انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق پیشہ وارانہ طریقے سے چلانا اور زیادہ سے زیادہ ریونیو کا حصول ہے. ای سی سی کو بتایا گیا کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن ورلڈ بینک گروپ کا حصہ ہے۔
ای سی سی نے قبائلی علاقوں میں ترقیاتی اسکیموں کیلئے 5 ارب روپے گرانٹ کی منظوری دیدی۔
سندھ میں ترقیاتی اسکیموں کیلئے ساٹھ کروڑ چھہتر لاکھ کی گرانٹ منظور کی گئی۔ وزارت ہاوسنگ کیلئے ایک ارب اڑسٹھ کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
رقم خیبر پختونخوا اور سندھ میں ایس ڈی جیز پروگرام پر خرچ کی جائے گی. حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق سمری مؤخر کر دی گئی۔