مورنے مورکل باؤلنگ کوچ، مکی آرتھر کنسلٹنٹ کے فرائض نبھائیں گے
سابق جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر مورنے مورکل کو باؤلنگ جبکہ اینڈریو پوٹک کو بیٹنگ کوچ بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔
پی سی بی سابق پروٹیز فاسٹ باؤلر مورنے مورکل اور اینڈریو پوٹک کو بالترتیب ٹیم کے باؤلنگ اور بیٹنگ کوچ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے تیار ہے ، مکی آرتھر کو بطور کنسلٹنٹ لانے پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی ہے اس دوران وہ ڈربی شائر کے ہیڈ کوچ کے طور پر فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
نئے کوچنگ گروپ کے مطابق مکی آرتھر ٹیم ڈائریکٹر کا کردار ادا کرینگے، پاکستان کے سابق فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن ہیڈ کوچ ہوں گے جبکہ کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ) اور ڈریکس سائمن (طاقت اور کنڈیشنگ) اپنی ملازمتیں جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں، مکی آرتھر پارٹ ٹائم کوچنگ کے خواہاں، ہم فل ٹائم کوچ رکھیں گے، نجم سیٹھی
آئی پی ایل میں شرکت کے بعد مورنے مورکل بطور بولنگ کوچ باضابطہ طور پر ٹیم میں شامل ہوں گے، وہ اس سے قبل آسٹریلیا میں 2022ء کے T20 ورلڈ کپ کے دوران نمیبیا کے کوچنگ سٹاف کے ساتھ کام کر چکے ہیں اس وقت SA20 لیگ میں ڈربن کے سپر جائنٹس کے ساتھ باؤلنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اُدھر 42 سالہ پوٹک اپریل میں میں پاکستانی سکواڈ کو جوائن کرینگے، 2005 میں جنوبی افریقہ کی طرف سے کھیل چکے ہیں، وہ جنوبی افریقہ میں بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں T20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم کے ساتھ بیٹنگ کوچ کے طور پر کام کیا تھا۔
پوٹک اس سے قبل جنوبی افریقہ اے کے 2019 کے دورہ بھارت کے دوران اسسٹنٹ کوچ تھے اور ابھرتی ہوئی ٹیم کے ساتھ شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر بریڈ برن 2021ء میں مستعفی ہونے سے قبل تین سال سے زیادہ عرصے تک پاکستانی ٹیم کے ساتھ تھے۔ انہوں نے HPC میں نیا عہدہ سنبھالنے سے پہلے ستمبر 2018 سے قومی مینز سائیڈ کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر کام کیا تھا۔
مئی 2020 میں جب نیشنل اکیڈمی کی تشکیل نو کی گئی تو انہوں نے رمیز راجہ کے بطور بورڈ سربراہ کے دور میں معاہدہ ختم ہونے سے 18 ماہ قبل ہی ملازمت چھوڑ دی تھی۔
مکی آرتھر پی سی بی کے ساتھ خصوصی انتظامات میں دور سے کام کریں گے۔ وہ اگلے ماہ لاہور کا دورہ کریں گے اور ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل کیمپ کو جوائن کرینگے۔ تاہم گرین شرٹس کے ساتھ کسی دوطرفہ سیریز کے ساتھ سری لنکا کا سفر نہیں کریں گے ، کیونکہ وہ انگلینڈ میں ڈربی شائر کے ساتھ اپنا کنٹریکٹ پورا کریں گے، آرتھر اپنی نوکری چھوڑنا بھی نہیں چاہتے۔
ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کے معاہدوں کی تجدید نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کل وقتی کوچنگ سٹاف کے بغیر تھا۔ اس کے بعد سے پاکستان نے افغانستان کے خلاف صرف T20I سیریز کھیلی ہے اس دوران عبوری کوچنگ سٹاف کو لیا گیا تھا، یہ سیریز پاکستان 2-1 سے ہار گیا تھا۔ گرین شرٹس کی اگلی منزل نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز ہے جس کا آغاز 13 اپریل سے ہو گا