اسکاٹش وزیراعظم حمزہ یوسف کی وزیراعظم ہاؤس میں نماز کی امامت
اسکاٹ لینڈ کے نومنتخب وزیراعظم حمزہ یوسف نے وزیراعظم ہاؤس (بوٹے ہاؤس) میں پہلے دن اپنے اہل خانہ کے ساتھ نماز پڑھی، انہوں نے امامت کرتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی ہے۔
حمزہ یوسف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ میں اور میرا خاندان آج (28 مارچ) پارلیمانی ووٹنگ کے بعد بوٹے ہاؤس میں اپنی پہلی رات گزار رہے ہیں۔
ایک اور پوسٹ میں حمزہ یوسف نے کہا کہ انہوں نے برطانوی وزیراعظم رشی سوناک سے ملاقات کی اور برطانیہ کی حکومت کو اسکاٹش عوام اور پارلیمنٹ کی جمہوری خواہشات کا احترام کرنے سے آگاہ کیا ہے۔
اسکاٹش پارلیمنٹ کے 28 مارچ کو اجلاس میں وزیراعظم منتخب ہونے والے حمزہ یوسف ملک کے پہلے مسلمان وزیراعظم ہیں، جبکہ ان کے پاس ملک کے کم عمر رکن پارلیمنٹ اور پہلے مسلمان وزیر کے اعزازات بھی ہیں۔
اسکاٹ لینڈ کے 37 سالہ حمزہ یوسف جنہوں نے 26 ہزار 32 ووٹوں کے ذریعے 52 فیصد کی برتری حاصل کی، وہ فروری میں وزیراعظم نکولا سٹرجن کے استعفیٰ کے بعد اسکاٹش نیشنل پارٹی (SNP) کی قیادت کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔
انہوں نے نتائج کے اعلان کے بعد ایک بیان میں کہا کہ وہ اسکاٹ لینڈ کو آزادی دلانے کیلئے ”پُرعزم“ ہیں اور ہماری ہی نسل یہ آزادی حاصل کرے گی۔