ہندوستانی قیادت کے بیانات بیمار ذہنیت،جنونی سوچ کےعکاس قرار
پاکستان سے متعلق ہندوستانی قیادت کے بیانات کو ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بیمار ذہنیت اور جنونی سوچ کا عکاس قرار دے دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت سفارتی محاذ پر پاکستان کو بدنام اور تنہا کرنے کی کوششوں میں ناکام ہو چکا، ایسی بیان بازی خطے میں امن کی امید کو کمزور تر کرنے کے مترادف ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان سے متعلق بیان بازی کرنے والے بھارت کے اندرونی حقائق بھول جاتے ہیں جہاں انتہا پسند ہندوتوا نظریے کے باعث پورا سماجی ڈھانچا ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے بھارت اپنے معاملات سنبھالے جہاں ریاست کی ناکامیوں کی فہرست بہت طویل اور وسیع تر ہوتی جا رہی ہے۔ پاکستان سمیت دنیا کا کوئی بھی ملک بھارت کے بھاشن سے متاثر ہونے والا نہیں۔