آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کیلئے حکومتی کوششیں
آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کیلئے حکومتی کوششیں جاری ہیں، پاکستان کی جانب سے سعودی عرب، یو اے ای سے اعلیٰ سطح پر روزانہ کی بنیاد پر رابطہ کیا جارہا ہے، وزیراعظم آفس، دفتر خارجہ اور وزارت خزانہ متحرک ہیں۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کیلئے حکومتی کوششیں جاری ہیں، پاکستان کی جانب سے سعودی عرب، یو اے ای سے اعلیٰ سطح پر روزانہ کی بنیاد پر رابطے کئے جارہے ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس، دفتر خارجہ اور وزارت خزانہ اس حوالے سے متحرک ہیں۔ آئی ایم ایف نے دوست ممالک سے 3 ارب ڈالر سے زائد کی فنانسنگ کی جلد تصدیق کا مطالبہ کردیا، دوست ممالک سے اقرار کے باوجود تحریری ضمانت میں تاخیر کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب، یو اے ای کی جانب سے فنڈز کی تصدیق کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا، آئی ایم ایف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ذریعے فنانسنگ کی تحریری ضمانت مانگ رہا ہے، تحریری ضمانت کے علاوہ آئی ایم ایف کے تمام مطالبات پورے ہوچکے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اسٹاف لیول معاہدے کے 3 سے 4 ہفتے بعد ہوگا۔