پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد معمولی تیزی
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث اُتار چڑھاؤ دیکھا، 100 انڈیکس میں معمولی تیزی کے باعث 40 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی ہے۔
ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال کے اثرات معیشت پر آنے لگے، سرمایہ کار پیسے لگانے کے بجائے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
حصص مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، کاروبار کے آغاز پر 90 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، دوپہر بارہ بجے کے قریب 9 پوائنٹس کی معمولی مندی کی واپسی ہوئی۔
اس دوران ایک مرتبہ پھر سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی اور دوپہر ایک بجے کے قریب انڈیکس میں 100 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی لیکن کاروبار کے اختتام پر یہ لہر برقرار نہ رہ سکی۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 58.32 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس میں 40 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور 100 انڈیکس 40 ہزار کی سطح پر جا کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.15 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 3 کروڑ 64 لاکھ 71 ہزار 249 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو سات ارب روپے کے قریب فائدہ ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس 39942.05 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔