مشیر برائے کھیل وہاب ریاض کی ملکی نامور کھلاڑیوں سے ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب سیّد محسن نقوی کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے ملک کے نامور کھلاڑیوں سے اہم ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض عہدہ سنبھالتے ہی متحرک ہو گئے، اس دوران انہوں نے ملکی نامور کھیلاڑیوں سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں اولمپین ارشد ندیم، حیدر علی، ورلڈ سنوکر چیمپئن احسن رمضان، شجر عباس، انعام بٹ سمیت دیگر نے بھی شرکت کی، ملاقات کے دوران ڈی جی سپورٹس پنجاب طارق قریشی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات کے دوران مشیر برائے کھیل نے کھیلاڑیوں سے ان کے مسائل دریافت کئے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پنجاب میں کھیلاڑیوں کو ٹریننگ، نیوٹریشن، کنڈیشننگ سمیت دیگر جدید سہولیات میسر کروائیں گے۔ کھیلاڑیوں کی کوچنگ کے لئے ملکی و غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پنجاب میں موجود سہولیات کو جدید لیول پر استوار کیا جائے گا۔ کھیلوں کی ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ تمام کھیلاڑیوں کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔