ملتان: ڈکیتی کے دوران فائرنگ، دو افراد جاں بحق، شہریوں کے تشدد سے 3 ڈاکو ہلاک
ملتان کی گردیزی مارکیٹ میں 4 ڈاکوؤں نے جیولری شاپ میں ڈکیتی کی کوشش کی، ناکامی پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے تاجر سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔ شہریوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے 3 ملزمان ہلاک ہوگئے، ایک زخمی ڈاکو کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
ملتان میں گردیزی مارکیٹ میں 4 ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے جیولری شاپ میں گھسے تاہم ناکامی پر فائرنگ کرکے تاجر کو قتل کردیا، فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر زخمی ہوا۔
فائرنگ کی آواز سن کر دیگر دکاندار بھی جمع ہوگئے اور انہوں نے چاروں ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، اہل علاقہ نے ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے پولیس کے پہنچنے پر ملزمان کو ان کے حوالے کردیا گیا۔
شہریوں کے تشدد سے زخمی 3 ڈاکو بعد ازاں انتقال کر گئے جبکہ ایک زخمی ڈاکو کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار کے جاں بحق ہونے پر علاقے میں تمام دکانیں احتجاجاً بند کردی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت لیاقت، بلال، احسان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ڈاکو کا نام تنویر عباس ہے۔
ملتان پولیس نے شہریوں کے تشدد سے ہلاک ڈاکوؤں کی میتیں نشتر اسپتال منتقل کردیں۔