امریکا میں شدید طوفان کے باعث 23 افراد چل بسے
امریکی ریاست میسی سپی میں شدید طوفان کے نتیجے میں 23 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
عرب میڈیا الجزیرہ کے مطابق ریاست ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (MEMA) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شدید طوفان کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہیں اور چار افراد لاپتہ ہیں جبکہ سرچ اور ریسکیو ٹیمیں بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاستی دارالحکومت جیکسن سے تقریباً 110 کلومیٹر شمال میں شارکی اور ہمفریز کاؤنٹیز میں تلاش اور بچاؤ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریاستی گورنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ہم نے طبی امداد کا کام شروع کر دیا ہے، متاثرہ افراد کے لیے مزید ایمبولینسز اور دیگر ہنگامی اثاثوں کو بڑھایا جا رہا ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ موسم کی صورتحال دیکھ کر سفر کریں اور حد سے زیادہ احتیاط کریں۔
رولنگ فورک کے میئر ایلڈریج واکر نے امریکی میڈیا سی این این کو بتایا کہ ان کا قصبہ بنیادی طور پر مٹ گیا ، لیکن میں یقین دلانا چاہتا ہوں ہم مضبوطی کے ساتھ حالات کا سامنا کریں گے۔