’فاصلوں کو تکلف ہے ہم سے اگر‘، علی ظفر نے خوبصورت آواز میں نعت پڑھ کر سب کے دل جیت لیے
ماہ رمضان المبارک کے آغاز پر پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے نعت رسول کریم ”فاصلوں کو تکلف ہے ہم سے اگر“ کو اپنی آواز میں پیش کر کے سب کے دل جیت لیے۔
نعت رسول کریم کی ویڈیو سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر علی ظفر نے شیئر کی اور نعت کو اپنے دل کے قریب قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ 2022ء کے رمضان المبارک میں بھی علی ظفر نے خوبصورت آواز میں نعت ”بلغ العلیٰ بکمالہ“ پڑھی تھی جسے سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا گیا تھا۔
علی ظفر نے نعت رسول کریم شیئر کرتے ہوئے انسٹا گرام پر کہ رمضان روزہ رکھنے اور ہمارے دماغ، جسم اور روح کو صاف کرنے کا مقدس ترین مہینہ ہے جس میں ہمیں خالق کے ساتھ تعلقات بہتر سے بہترین کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انتہائی عاجزی کے ساتھ میں آپ کے سامنے نعت رسول کریم ”فاصلوں کو تکلف ہے ہم سے اگر“ پیش کر رہا ہوں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ صرف ایک نعت نہیں ہے بلکہ اس سے بہت سی پرانی یادیں جڑی ہیں بلکہ یہ نعت مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ کے سفر کا روحانی حسن بھی بیان کرتی ہے۔ یہ نعت میرے دل کے قریب ہے کیونکہ میں اس حوالے سے کافی خوش قسمت ہوں کہ میں مقدس مقامات پر احساسات کی تبدیلی کی طاقت کا خود تجربہ کر چکا ہوں جسے صرف محسوس کیا جا سکتا ہے، کوئی بھی لفظ ان احساسات کا بیان نہیں کر سکتا۔ مقدس مقامات پر قدم رکھ کر دنیا کے بوجھ کو اپنے کندھوں سے اترنے ہوئے محسوس کرنا ناقابل بیان ہے۔
علی ظفر نے لکھا کہ حجاج کرام کیلئے یہ ایک یاددہانی ہے کہ ہم سب ایک عظیم سفر پر ہیں جو اپنے آپ سے کہیں آگے کی تلاش ہے! امید ہے کہ نعت رسول کریم کو وہی تعظیم اور احترام کا احساس دلائے گی جو مجھے سن کر ہوا تھا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی وناصر ہو۔