جلسے کی اجازت ہے تو رکاوٹ کیوں ڈالی جا رہی ہیں، شاہ محمود
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس جھوٹ بول رہی ہے۔ جلسے کی اجازت ہے تو رکاوٹ کیوں ڈالی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ سے گزارش ہے کنٹینرز کو راستے سے ہٹا دیا جائے ۔ کنٹینرز نقص امن کی وجہ بن سکتے ہیں۔
زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہائی کورٹ کی اجازت کے باوجود نگران سیٹ اپ نے رکاوٹیں کھڑی کرنا شروع کر دی ہیں ۔ ہر ضلع کو سیل کرکے کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں۔ کارکنان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے چھاپے اور گرفتاریاں ہو رہی ہیں ۔ پندرہ سو سے اٹھارہ سو کے قریب پی ٹی آئی کارکنان گرفتار ہو چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ سیاسی عمل ہے اس پر نام نہاد جمہوری حکومت راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم سے جمہوریت کا لفظ نہیں سجتا۔ لوگ پی ڈی ایم والوں کو جمہوری نہیں سمجھتے اور لوگ تسلیم کرنے کےلئے تیار نہیں۔ رکاوٹوں کے باوجود لاہوریوں سے گزارش کررہا ہوں کہ وہ باہر نکلیں اور مینار پاکستان پہنچیں