کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے، وہاب ریاض
وزیراعلیٰ پنجاب سیّد محسن نقوی کے مشیر برائے کھیل اور قومی ٹیم کے آل راؤنڈر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ تمام کھلاڑیوں کے لئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وزارت سنبھالتے ہی متحرک ہو گئے اور پانڈوکی اور رکھ جیڈو میں قائم شدہ کرکٹ سٹیڈیمز کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن بھی ہمراہ تھے۔
اس دوران گراؤنڈ کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران وہاب ریاض نے فوری طور پر گراؤنڈز کی اپ گریڈیشن اور فنکشنل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔
اس موقع پر مشیر برائے کھیل کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ کھیل کے میدان کھلاڑیوں کے ساتھ خوبصورت لگتے ہیں۔ پنجاب میں موجود تمام سپورٹس سہولیات کا دورہ کروں گا۔ تمام کھلاڑیوں کے لئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔ کھیل اور کھلاڑیوں کے مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل ہے۔