آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ، نیوزی لینڈ سرفہرست
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں پہلے نمبر پر آ گئی ، کیویز کے 22 میچز کے بعد 160 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ حال ہی میں بلیک کیپس نے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد پہلے نمبر پر آئی۔ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 198 رنز سے شکست دی یہ نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی کامیابی ہے۔
دیگر ٹیموں کی رینکنگ کا جائزہ لیا جائے تو انگلینڈ کی ٹیم سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے، بھارت تیسرے، بنگلا دیش چوتھے، پاکستان پانچویں اور آسٹریلیا چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
اسی طرح افغانستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، ساؤتھ افریقہ نویں اور سری لنکا دسویں نمبر پر ہے۔
اُدھر نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی تو وہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھی پہلے نمبر پر آ جائے گی، آسٹریلیا کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے۔