کارکن ہر حال میں مینار پاکستان جلسے میں شرکت کیلئے پہنچیں، عمران خان کی اپیل
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر حال میں آج جلسے میں شرکت کے لیے مینار پاکستان پہنچیں۔
یاد رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہونے والے انتخابات کا مستقل ابھی تک معلق ہے، پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان نے گرفتاری کی ناکامی پر پنجاب میں اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ جس کے لیے مینار پاکستان میں آج میدان سجایا گیا ہے۔
اپنے کارکنوں کے نام سے بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں اپنے کارکنوں کے سامنے آج حقیقی آزادی کا مقصد پیش کروں گا، میں کارکنوں سے اپیل ہے کہ ہر صورت جلسہ گاہ میں پہنچیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ پی ٹی آئی مینار پاکستان پر اپنا چھٹا عوامی جلسہ منعقد کرے گی، جو گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔ اس لیے لاہور میں سب کو نماز تراویح کے بعد شرکت کی دعوت دے رہا ہوں۔ حقیقی آزادی کے اپنے ورژن میں میں بتاؤں گا کہ ملک کو بدمعاشوں سے کیسے آزاد کروائیں گے جس کو اس نااہل ٹولے نے ڈال دیا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ مینار پاکستان میں جلسہ میں شرکت کے لیے کارکنوں کو شرکت سے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، تمام چیزیں بالاتر رکھتے ہوئے کارکن جلسہ گاہ آئیں۔
دوسری طرف لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مینار پاکستان جلسے کو ناکام بنانے کےلیے ہمارے 1600 کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، میری عوام سے درخواست ہے مینار پاکستان پہنچیں۔ یہ آج اپنے آنکھوں سے دیکھیں گے ملک کی تاریخ کا آج سب سے بڑا جلسہ ہوگا، عوام گھروں سے نکلیں گے ، یہ ہم پر ظلم کررہے ہیں اور تحریک انصاف کو کچلنے کا ہر حربہ استعمال کررہے ہیں۔ جو قوم بڑی شان سے آزاد ہوئی تھی انہوں نے اس آزادی کو بالکل ختم کردیا ہے، ہمارے لوگوں اغواء کررہے ہیں، ہم پر جو ظلم و تشدد ہورہا ہے جیسے یہ مقبوضہ کشمیر یا فلسطین ہے، یہ جو بھی حربہ استعال کریں گے اس کا آج ردعمل آئے گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہم دلدل میں پھنس رہے ہیں، لوگ آٹے کی لائنوں میں مررہے ہیں، اج لوگوں کو بتائیں گے کہ کس طرح ملک کو دلدل سے نکالیں گے۔ ظلم ہورہا ہے، لیکن یہ حقیقی آزادی کی جنگ و جہاد ہے جس میں قربانیاں دینی پڑیں گی، میں بھی تیار ہوں، ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، خوف کی زنجیریں توڑنی ہیں۔
مزید برآں شاہدرہ سے لاہور کے ایم اے او کالج تک میٹرو بس سروس اتوار کی صبح تک معطل کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے مطابق ریلی کا آغاز نماز تراویح کے بعد رات 9 بجے ہوگا۔
اُدھر لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے سے قبل سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔ حکام نے داخلی اور خارجی راستوں سمیت مختلف سڑکوں کو بند کر دیا ہے۔
مینار پاکستان کی طرف جانے والی تمام سڑکوں پر کنٹیرز کھڑے کیے گئے ہیں، اور رکاوٹوں سے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں، شاہدرہ سے راوی پل ، ٹھوکر نیاز بیگ سے اندرون شہر آنے والے دو بڑے راستے بند ہیں، جہاں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ جن علاقوں میں کنٹینرز رکھے گئے ہیں ان میں شاہ عالم مارکیٹ، بانسا والا بازار، ریلوے اسٹیشن ور دیگر شامل ہیں۔