ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا صدر کے خط پر شدید ردعمل
صدرمملکت عارف علوی کی جانب سے الیکشن کے التوااوربنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط پرن لیگ اور پیپلزپارٹی نے شدیدردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے صدرعلوی اپنی اوقات اور آئینی دائرے میں رہیں ، اورعمران خان سے دہشت گردی کرنے کا جواب لیں ۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون شکن آئینی عہدے پر مسلط ہے،کلمے پڑھتے ہوئے سیاسی مخالفین پر پندرہ کلو ہیروئن ڈال دی تھی۔ اُس وقت انسانی حقوق کہاں تھے۔ کیا اپوزیشن لیڈر کو سزائے موت کی چکی میں انسانی حقوق کے مطابق ڈالا تھا ۔
ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی ہڈیاں پسلیاں توڑیں، اس وقت انسانی حقوق کہاں تھے، کیا پولیس کے سر کھولنے، پٹرول بم ،گولیاں، غلیلیں انسانی حقوق کے مطابق چلائی گئیں ؟
رانا ثناء اللہ نے صدر عارف علوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو خط لکھیں کہ ایک سو نوے ملین پاؤنڈ پاکستان کو واپس کریں ، صدر عمران خان کو خط لکھیں توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کا عدالت میں جواب دیں۔
پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں ، ایک دن الیکشن نہ ہوئے تو وفاق کو نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا جب بھی الیکشن ہوں گے بھاگیں گے نہیں ، میدان میں ہونگے ،الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ملک میں عدالتیں موجود ہیں، عدالت کو فیصلہ کرنے دیں۔
صدرمملکت کے خط پر پیپلز پارٹی کی رہنما اوروفاقی وزیرشازیہ عطا مری نے ردعمل میں کہا کہ ڈاکٹرعارف علوی نےصدر مملکت کےمنصب کا کبھی لحاظ نہیں رکھا،پی ٹی آئی حکومت کی ہر زیادتی پربطورصدرڈاکٹرعلوی خاموش رہے۔
انہوں نے کہا نیب90روز تک شہریوں کو قیدی بنا کررکھتا رہا،ڈاکٹرعلوی نے جھوٹے الزامات کی بنیاد پر سیاسی مخالفین کو جیل بھیجنے کبھی نوٹس نہیں لیا تھا،نیب کی حراست میں شہریوں کی ہلاکتوں پرجناب صدرمملکت چپ رہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بنی گالا محل ریگیولرزئیز اورغریبوں کے کچے مکانات مسمار ہوتے رہے، اورہزاروں سرکاری ملازمین کی برطرفی اوراسٹیل ملز کو تالا لگنےپر بھی ڈاکٹر علوی خاموش رہے،اپنے لیڈر عمران نیازی کو خوش کرنے کیلئے عارف علوی نے آئین سے انحراف کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرعلوی نےعدم اعتماد کی تحریک کی موجودگی کےباوجودقومی اسمبلی توڑنےکی کوشش کی، اورعمران نیازی کی خواہش پرسپریم کورٹ کےجج کےخلاف انتقامی کارروائی کی۔
شازیہ مری کا کہناتھا کہ ممنوعہ فارن فنڈنگ اسکینڈل میں بھی ڈاکٹر علوی کا نام ہے،عارف علوی آٹا،چینی، ایل این جی، اور زرعی کھاد کا مصنوعی بحران کا نوٹس لیتے۔