عمران خان کے الزامات، تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کیلئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جوڈیشل کمیشن قائم کر دیا۔
مزاراقبال پرحاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ لوگوں کو ان کے گھروں میں آٹا پہنچانا مشکل ہے، اگر فری آٹا سسٹم ٹھیک رہ جاتا ہے تو ہم اس کو رمضان کے بعد بھی جاری رکھیں گے۔ پچھلے سال رمضان بازاروں میں ٹینٹوں کا کرایہ دوارب 40کروڑ روپے تھا، جبکہ سبسڈی سات ارب کی تھی تو سبسڈی کیا دیتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جوالزام لگایا ہے اس کی تحقیقات ہو رہی ہیں، اگر الزام صحیح ہے تو اس پر ایکشن ہونا چاہیے اگر غلط ہے تب بھی ایکشن ہونا چاہیے، عمران خان ایک طرف پولیس والوں کو برا بھلا کہہ رہے ہیں دوسری طرف الزام لگا رہے ہیں ۔ اگر عمران خان کی جان کو خطرہ والی بات ایک فیصد بھی درست ہوئی ملوث لوگوں کو سزا ملے گی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی پر کہا کہ الیکشن کمیشن نے مشاورت کے بعد سوچ سمجھ کر ہی فیصلہ کیا ہو گا۔
دوسری طرف سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ہے کہ عمران خان نے پہلے بھی کہا تھا کہ میرے اوپر قاتلانہ حملہ ہو گا، عمران خان ایک بار پھر اپنے اوپر حملے کی سازش بے نقاب کر رہے ہیں، پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دی ہے تو یہ خوش آئند بات ہے، ہم اپنے خدشات جے آئی ٹی کے ساتھ شیئر کریں گے، امید ہے پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی مثبت انداز میں آگے بڑھے گی۔