پنجاب الیکشن ملتوی: سپریم کورٹ بار کا الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اظہار تشویش

ای سی پی کے فیصلے سے ملک میں انتشار اور انارکی پھیلے گی، سپریم کورٹ بار

سپریم کورٹ بار نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں انتشار اور انارکی پھیلے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بدھ کی رات ایک اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کا اعلان کیا گیا۔

سپریم کورٹ بار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ایس سی بی نے اپنے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی سے ملک میں انتشار اور انارکی پیدا ہوگی، الیکشن کمیشن نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کو ملتوی کر دیا

سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرتے وقت آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا، الیکشن کمیشن نے فیصلے سے اپنے آئینی مینڈیٹ کی خلاف ورزی کی۔

سپریم کورٹ بار نے اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ نگراں حکومت 90 دن سے زیادہ کام جاری نہیں رکھ سکتی، جمہوریت کی بحالی اور وقت پر الیکشن حالات کا تقاضا ہے، تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ آئین کا تحفظ کریں۔

سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ تمام آئینی عہدیداروں نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے، آئینی ادارے کی طرف سے آئین کی خلاف ورزی کی اجازت نہ دی جائے، الیکشن کمیشن انتخابات کا شیڈول واپس لینے کا نوٹی فکیشن واپس لے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ بار آئین اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے، جمہوریت کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

IMRAN KHAN

Supreme Court Bar

ELECTION COMMISION OF PAKISTAN (ECP)

PUNJAB GENERAL ELECTION

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div