عامر لیاقت کے بچوں کا اس رمضان اپنے والد کے نام جذباتی پیغام
عامر لیاقت مرحوم کے دونوں بچوں احمد عامر اور دعائے عامر کا اپنے والد کے انتقال کے بعد یہ پہلا رمضان ہے۔ دونوں بچوں نے رمضان کے حوالے سے خصوصی پیغام دیا۔
عامر لیاقت حسین (مرحوم) کو رمضان ٹرانسمیشن کا بانی مانا جاتا ہے۔ یہ ان کے انتقال کے بعد پہلا رمضان ہے ، اس رمضان کے موقع پر خصوصی طور پر مرحوم کے دونوں بچوں احمد عامر اور دعائے عامر نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے خصوصی پیغام دیا۔ جو کہ ان کی والدہ بشریٰ اقبال نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر پوسٹ کیا ہے۔
عامر لیاقت کے بیٹے احمد عامر نے لکھا کہ
زندگی گلزار تھی آپ کی شخصیت سے
میٹھی تھی آپ کی پرمشفق گفتگو سے
بچپن سے جوانی تک کا سفر ہوا، آپ کی انگلی پکڑ کے
آگے کی منزل میں ہاتھ خالی خالی لگیں گے،
تنہائی میں گزارش ہوتی ہے آپکے سائے کی،
ہرگزرتے لمحے، ہرجاگتے ہوئے پل،شدت سے محسوس ہوتی ہے کمی آپ کی
دعائیں تو کرتے رہینگے آپ کے لئے تاحیات
مگر نہ بھولا پائیںگے بیتے لمحات ۔
رمضان مبارک بابا ۔۔۔۔
عامر لیاقت کی صاحبزادی دعائے عامر نے بھی اپنے بھائی کی طرح والد کے نام پیغام لکھا۔
آپ سب کو رمضان مبارک، اس سال یہ رمضان میرے اور میرے گھر والوں کے لئے بے حد مشکل ہوگا۔ آپ سب نے مجھے ٹی وی پر میرے مرحوم والد عامر لیاقت حسین کے ہمراہ بڑے ہوتے دیکھا ہے۔ یہ ان کے بغیر پہلا رمضان ہوگا۔ والد کو کھو جانے کا غم ناقابل بیان ہے لیکن اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ یہ ہے کہ جب آپ نے ایک شخصیت کو جیسے سب جانتے تھے کھو دیا ہو۔
میرے والد نے اپنی ڈیوٹی ادا کی خاص کر رمضان میں ، اسلام کو پھیلانے میں اور رمضان میں ایک ایسے کلچر کو متعارف کرایا کہ جس نے ٹی وی پرمسکراہٹیں بکھیری۔ مجھے امید ہے کہ اس کلچر نے خوشی ، مسکراہٹ اور ایک ساتھ ہونے کو اہمیت دی۔ جو کہ میرے والد نے اپنی زندگی کے سب سے خوبصورت لمحات آپ کو دیئے ۔جس سے آپ سب ہی واقف ہیں۔ میں جانتی ہوں کہ اگر آج میرے والد حیات ہوتے، تو وہ اس سے زیادہ اورکچھ نہ چاہتے کہ اسلام کی روح کے مطابق وہ پھیلے اور ہماری قوم میں وہ خوشی برقرار رہے، جس کے لئے انہوں نے محنت کی۔ میری آپ سب سے درخواست ہے کہ نا صرف ان کے لئے دعا کریں بلکہ ان کے اس مثبت پیغام کو بھی آگے پھیلائیں جس کے لئے انہوں نے اپنی زندگی بے حد سخت محنت کی۔
رمضان مبارک آپ سب کو آپ کے اہل وعیال کو۔ میرے والد اس وقت ہمارے ساتھ نہیں لیکن وہ ہمارے دلوں میں حیات ہیں۔ میں آپ سے درخواست کرتی ہوں اس برکتوں کے مہینے میں ان کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں ۔ شکریہ دعائے عامر
عامر لیاقت حسین کی سابق اہلیہ بشریٰ اقبال نے بھی عامر لیاقت کے حوالے سے ان کی رمضان ٹرانسمیشن کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ
عامر لیاقت کمال کی ذہانت، بہترین حافظہ، خوبصورت اندازِ بیاں، پر سوز آواز کے مالک تھے۔ بولنے اور لکھنے پرانہیں عبور تھا۔