کراچی میں آج رات بارش اور گرد آلود ہوائیں چلیں گی، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے آج رات سے کراچی میں مغربی ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی، گزشتہ سسٹم کی طرح ژالہ باری کے قوی امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آج رات بادل برسنے کا امکان ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد رہا۔
میٹ آفس نے بتایا ہے کہ ہوائیں شمال مشرق کی جانب سے چل رہی ہیں، شام میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہوکر جنوب مغرب کی جانب سے ہونے کا امکان ہے، تمام ادارے بارش کے دوران الرٹ رہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر قائد میں مطلع کہیں صاف کہیں جزوی طور پر ابر الود ہے، رات تک شہر کے بیشتر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، آج سے 23 مارچ تک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ایک بار بادل برسا سکتا ہے، گزشتہ سسٹم کی طرح ژالہ باری کے قوی امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی تھی، کچھ علاقوں سے ژالہ باری کی بھی اطلاعات ملی تھیں۔