کویت نے غیرملکیوں کیلئے نئے قوانین متعارف کرادیئے
خلیجی ملک کویت میں بسنے والے غیرملکیوں کیلئے بُری خبر سامنے آئی ہے ، جس کے مطابق کویتی حکومت نے اپنے ہاں پائے جانے والے آبادیاتی عدم توازن کو ختم کرنے کیلئے نئے ضوابط کا اعلان کردیا ہے، اور یہ قوانین کویت الیوم گزٹ میں سرکاری اشاعت کے بعد نافذ العمل ہوگئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کے نئے ضوابط میں سکیورٹی ایجنسیوں میں ملازمتوں کو صرف شہریوں تک محدود کرنے کے اقدامات شامل ہیں، اس کے علاوہ قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی سے متعلق غیر ملکیوں کیلئے ایک پوائنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان ضابطوں کے نفاذ سے متعلق فیصلے جاری کرتے وقت غیر ملکی کارکنوں کی تعداد کی بنیاد پر قومیتوں کے تعین، تعلیم اور عمر جیسے عوامل کی بنیاد پر ان کی درجہ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے، اس کے ساتھ لیبر مارکیٹ میں غیر ملکی کارکنوں کے زیر قبضہ مخصوص پیشوں کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
کویت کا وزٹ ویزہ حاصل کرنے والوں کیلئے نئی شرط
میڈیا کے مطابق ان ضوابط کا مقصد بعض شعبوں میں غیرملکیوں کی بھرتی کو روکتے ہوئے کویتی ملازمین کی بھرتی کو بڑھانا ہے، اسی طرح تعلیمی پیداوار کو لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے منسلک کرنا اور آبادی سے متعلق سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا بھی شامل ہے۔
پاکستان کیلئے 10سال بعد کویت کا ویزا بحال
رپورٹس کے مطابق اس ضمن میں حکومت پیشہ ورانہ ٹیسٹوں کے ذریعے ہنر مند غیر ملکی کارکنوں کو راغب کرنے کے ساتھ سرکاری معاہدوں میں ملازمت کرنے والے قومی کارکنوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
خیال رہے کہ کویتی وزارت تربیت نے 17 مارچ 2023 کو ایک ہزار 815 غیر ملکی اساتذہ کی ملازمت ختم کرکے ان کی جگہ کویتی تعینات کیے ہیں۔
یاد رہے کہ سال 2018 کی رپورٹ کے مطابق کویت میں غیر ملکی مزدوروں اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے باشندوں کی تعداد 4.5 ملین سے زائد ہے، جو بلیو کالر اور وائٹ کالر دونوں ملازمتوں میں کام کرتے ہیں۔
کویت کی حکومت نے مارچ 2018 میں غیر ملکی کارکنوں کے لیے جائیداد کی ملکیت کا حق تجویز کیا تھا، لیکن انہیں کویتی معاشرے کے مطابق ڈھالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
امیرِکویت شیخ صباح نے پارلیمنٹ توڑ دی
واضح رہے کہ گزشتہ سال کویت سے غیرملکیوں کی بڑی تعداد کے دبئی منتقل ہونے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔
الجزیرہ ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے روزگار کیلئے کویت آنے والے غیرملکیوں کی بڑی تعداد اب دبئی جانے کیلئے کوشاں ہے، جس کی وجہ پرکشش تنخواہ اور مراعات ہیں۔