ٹوئٹر ٹرینڈز دیکھ کر فیصلے ہورہے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان
ایم کیو ایم رہنماؤں کی عمران خان پر کڑی تنقید، مصطفی کمال کہتے ہیں آج کل ٹویٹر ٹرینڈ دیکھ کر فیصلے ہو رہے ہیں، جج، جنرل اور دیگر سب ٹویٹر سے مرعوب ہوجاتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے صعنتکاروں کی زمینوں پر قبضے کی مذمت کی اور شفاف مردم شماری کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد صوبے کا اگلا وزیراعلیٰ شہری علاقوں سے ہونے کا دعویٰ بھی کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی ارکان کی توپوں کا رخ ایک بار پھر عمران خان کی طرف ہوگیا۔ کراچی میں متحدہ رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔
مصطفیٰ کمال بولے آج کل ٹویٹر ٹرینڈ دیکھ کر ملکی فیصلے کئے جارہے ہیں، ہم بھی اب اپنے ساتھ ہونے والے مظالم کو سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کو دکھائیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء نے کہا کہ ٹی ٹی چھوڑ کر ٹوئٹر استعمال کریں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے ڈیجیٹل مردم شماری میں بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کردیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھیں، اے پی سی کا ڈرامہ بند کیا جائے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں صحیح گنا گیا تو صوبے کا اگلا وزیراعلیٰ شہری علاقوں سے ہوگا۔
رابطہ کمیٹی ارکان نے صعنتکاروں کی زمینوں پر قبضے کرکے گوٹھوں کو ریگولریز کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی۔