عمران خان کی سیکیورٹی، عدالت کو آج ہی تفصیلات سے آگاہ کرنے کا حکم
سابق وزیراعظم عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دینے کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے حکومت سے پی ٹی آئی چیئرمین کے گھر کے باہر اور موومنٹ کے دوران ان کے ساتھ سیکیورٹی تفصیل اور انڈر ٹیکنگ مانگ لی۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی دینے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ وکیل نے بتایا کہ عمران خان کی سیکیورٹی پر 4 پٹیشنز دائر کیں جس کی سماعت جسٹس طارق سلیم شیخ نے کی۔
جسٹس عابد عزیز شیخ نے کہا کہ آپ کے ٹی او آرز بن تو گئے تھے۔ عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ میں کل سارا دن زمان پارک میں رہا وہاں ایک بھی پولیس اہلکار نہیں ہے۔
جسٹس عابد عزیز شیخ کا کہنا تھا کہ میرے پاس کیس بطور سابق وزیراعظم عمران خان کی سیکیورٹی کا ہے، حکومت کہہ رہی ہے کہ سیکیورٹی موجود ہے آپ کہہ رہے ہیں نہیں ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ گھر کے باہر اور موومنٹ کے دوران عمران خان کے ساتھ کیا سیکیورٹی ہوتی ہے، حکومت انڈر ٹیکنگ دے۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ پرسوں پولیس والوں نے عمران خان کے گھر کے دروازے توڑے۔ جس پر عدالت نے حکومتی وکلاء کو ہدایات لیکر آج ہی آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی سیکیورٹی سے متعلق درخواستوں کی مزید سماعت 12 بجے تک ملتوی کردی۔