کوئٹہ اور بلوچستان میں بارش، سردی لوٹ آئی
شہریوں نے گرم کپڑے پھر نکال لئے
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا، شہریوں نے دوبارہ گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔
بلوچستان میں موسم سرما کی بارشوں کا تیسرا اسپیل جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات میں 7، بارکھان 5، لسبیلہ، حب 3، کوئٹہ، دالبندین میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، خضدار اور چاغی میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ گئی، شہریوں نے گرم ملبوسات دوبارہ نکال لئے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
دوسری جانب چمن میں مٹی کا طوفان آگیا جس کے باعث دن میں اندھیرا چھا گیا، تیز ہواؤں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔