پاکستان کو چین سے مزید 50 کروڑ ڈالر موصول
ملک میں جاری بدترین اقتصادی بحران کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین کی طرف سے مزید 50 کروڑ ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا لمیٹڈ ICBC)) سے مزید 50 کروڑ امریکی ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید لکھا کہ موصول ہونے والی رقم سے ملکی زر مبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی 4 مارچ کو اپنے ٹویٹ میں اسحاق ڈار نے لکھا تھا کہ پاکستان کو انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا لمیٹڈ (ICBC) سے 1.3 بلین ڈالر کی فنانسنگ سہولت میں سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے ہیں، جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
ٹویٹر پر پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ 1.3 بلین ڈالر کی فنانسنگ کے حوالے سے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور چینی بینک نے رول اوور سہولت کی منظوری دے دی ہے، یہ رقم تین اقساط میں دی جائے گی، جس میں سے پہلی قسط مرکزی بینک کو موصول ہو چکی ہے۔