پی ایس ایل، پشاور کو شکست، لاہور مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچ گیا

فائنل میں لاہور قلندرز کا مقابلہ ملتان سلطانز کے ساتھ ہو گا، مرزا بیگ کی فتح گر ففٹی

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے ایلیمنٹر ٹو میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہرا کر مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے ایلیمنٹر ٹو کے اہم میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم لاہور قلندرز کیخلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی بیٹنگ

پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور کپتان بابر اعظم نے کیا، تاہم دوسرے اوورز میں جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش میں لیفٹ ہینڈ بیٹر 5 گیندوں پر 9 سکور بنا کر زمان خان کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے۔

اس دوران بابر اعظم اور نوجوان بیٹر محمد حارث نے وکٹ کے چاروں اطراف شاندار شارٹس کھیلے اور حریف باؤلرز کو بے بس کیے رکھا دونوں کے درمیان 60 گیندوں پر 89 سکور کی شراکت داری قائم ہوئی جس کا خاتمہ راشد خان نے کیا۔

افغان باؤر کی گیند پر بابر اعظم 36 گیندوں پر 42 سکور بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اسی اوور میں راشد نے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹام کڈمور کو صفر پر پویلین واپس بھیج دیا۔

اس دوران محمد حارث نے جارحانہ انداز اپنایا اور باؤلرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے 54 گیندوں پر 85 سکور کی بڑی باری کھیلی۔ عامر جمال ایک سکور کے ساتھ زمان خان کی گیند پر چلتے بنے۔

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 سکور بنائے۔ زمان خان اور راشد خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندر بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز اوپنر فخر زمان اور نوجوان بلے باز مرزا بیگ نے کیا۔

لاہور قلندرز کو دوسرے اوور میں اُس وقت بڑا جھٹکا لگ جب عظمت اللہ عمرزئی نے فخر زمان کو 14 سکور پر بولڈ کر دیا، اوپنر نے محض 6 رنز کی باری کھیلی۔

اس دوران نوجوان بیٹر احسن حفیظ اور مرزا بیگ نے سکور کو آگے بڑھایا، 5 اوورز میں 38 کے مجموعی سکور پر احسن حفیظ وہاب ریاض کو وکٹ دے بیٹھے، آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 15 رنز کی باری کھیلی۔

عبد اللہ شفیق اس بار بدقسمت ثابت ہوئے اور 10 گیندوں پر 10 سکور بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ مرزا بیگ کی باری کا اختتام عامر جمال نے کیا، بیٹر نے 42 گیندوں پر 54 سکور بنائے۔

سیم بلنگز 21 گیندوں پر 28 رنز بنا کر سلمان ارشاد کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ چھٹی وکٹ 161 سکور پر گری، عظمت اللہ عمر زئی نے سکندر رضا کو بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 23 سکور کی باری کھیلی۔

لاہور قلندرز نے ہدف 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ڈیوڈے ویزے 9اور شاہین شاہ آفریدی 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے دو شکار کیے، عامر جمال اور سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز سکواڈ

مرزا بیگ، فخر زمان ، عبد اللہ شفیق، سیم بلنگز، احسن حفیظ، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، زمان خان

پشاور زلمی سکواڈ

بابر اعظم ، صائم ایوب، حسیب اللہ خان، محمد حارث، ٹام کڈمور، بھانوکا راجہ پاکسا، عامر جمال، عظمت اللہ عمرزئی، وہاب ریاض، مجیب الرحمان ، سلمان ارشاد

خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی نے سنسنی خیز میچ کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایلیمنٹر ٹو میں جگہ بنائی تھی۔

Tabool ads will show in this div