سابق ایم ایس لانڈھی اسپتال کی خودکشی کی کوشش، محکمہ صحت سندھ کا نوٹس

تعیناتی کیلئے رشوت طلب کی جارہی تھی، ڈاکٹر عزیز کا الزام

ضلع ملیر کے ایم سی ایچ لیبر اسکوائر لانڈھی اسپتال کے سابق ایم ایس ڈاکٹر عبدالعزیز سوڈھر نے مبینہ طور پر رشوت کے معاملے پر خودکشی کی کوشش کی ہے۔

گریڈ 19 کے ڈاکٹر عبدالعزیز سوڈھر 6 اکتوبر کو سندھ میں سیلاب کی وجہ سے 4 ماہ کی چھٹی پر چلے گئے تھے۔

خودکشی کی کوشش سے قبل لکھی گئی تحریر میں عبدالعزیز سوڈھر نے سندھ سیکریٹریٹ کے سیکشن آفیسر آغا الطاف سمیت کئی افراد پر رشوت طلب کرنے کا الزام لگادیا۔

ان کا کہنا ہے کہ میں لاڑکانہ اسپتال میں بہت خوش تھا، لیکن میرے بچوں کو این ای ڈی یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا، وہ کراچی میں بیچلرز کی حیثیت سے رہ رہے تھے، ہوٹل کا کھانا کھانے کی وجہ سے بیمار تھے، اس لئے میں نے سوچا کہ اگر میں گریڈ 19 میں ترقی کر گیا تو کراچی میں پوسٹنگ کرالوں گا۔

انہوں نے کہا کہ جب میں لیبر اسکوائر اسپتال پہنچا تو دیکھا کہ وہ اسپتال نہیں تھا بلکہ ایک اصطبل تھا، 6 ماہ ذلیل ہوا، آئے روز مریض آکر گالیاں اور دھمکیاں دیتے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالعزیز کا کہنا ہے 4 ماہ کی چھٹی لینے سندھ سیکریٹریٹ گیا اور بتایا کہ میرا پرانا گاؤں ڈوب گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ماہانہ 50 ہزار ادا کریں، بہت سی سفارشیں کیں لیکن سیکشن آفیسر آغا الطاف نہ مانا پیسے لے لئے۔

انہوں نے بتایا کہ 7 فروری کو میری چھٹی مکمل ہوئی، میں سیکریٹریٹ جوائن کرنے گیا تو کوئی سننے کو تیار نہیں تھا، بولے کہ کراچی میں گریڈ 19 میں کوئی آسامی نہیں ہے، میں ایڈیشنل سیکریٹری لیاقت علی بھٹی سے ملا اور کہا کہ لاڑکانہ کے سی ایم سی اسپتال میں پوسٹنگ کرادیں، کچھ دنوں کے بعد وزیر نے کہا کہ سی ایم سی لاڑکانہ نہ دیں۔

ڈاکٹر عبدالعزیز کا مزید کہنا ہے کہ میں نے سردار برہان خان چانڈیو سے فہیم چاچڑ کو فون کرایا، اس کا ایجنٹ باہر آیا اور کہا کہ 5 لاکھ دے دو کام ہو جائے گا، انہیں بتایا ک 5 لاکھ کہاں سے لاؤں، سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کی تنخواہ سے 35 ہزار کاٹ لئے۔

محکمہ صحت سندھ نے سابق ایم ایس لانڈھی اسپتال کی خودکشی کی کوشش کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی، جس کیلئے اسپیشل سیکریٹری صحت محمد نواز سوہو کو انکوائری افسر تعینات کیا گیا ہے، جو ڈاکٹر عبدالعزیز کے الزامات کی تحقیقات کریں گے۔

محکمہ صحت سندھ نے ڈاکٹر عبدالعزیز کے الزامات پر ایس او آغا الطاف کو عہدے سے ہٹادیا، ساتھ ہی انہیں جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیر صحت سندھ کی ہدایت پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر جمن باہوتو نے میڈیکل آئی سی یو اوجھا کیمپس میں داخل ڈاکٹر عزیز سوڈھر کی عیادت کی۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عزیز کی حالت خطرے سے باہر ہے، اے بی جیز اور ایکس رے کے نتائج نارمل ہیں، آج شام انہیں آئی سی یو سے وارڈ میں منتقل کیا جائے گا، ممکنہ طور پر 2 دن کے اندر گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

sindh health department

DR ABDUL AZIZ SUICIDE ATTEMPT

Tabool ads will show in this div