کراچی میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر تیزی آگئی
کراچی میں کرونا کیسز میں تیزی آگئی، شہر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 53 جبکہ ایک ہفتے میں 146 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ نجی یونیورسٹی اور اسپتال نے عملے اور طلبہ کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی۔
کراچی میں کرونا وائرس ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، شہر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 53 جبکہ 7 دنوں میں146 افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں مثبت کرونا کیسز کی شرح ایک ہفتے کے دوران 12.91 فیصد تک پہنچ گئی۔
قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے کرونا کیسز کی جاری تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مزید 129 افراد میں بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق ملک میں کرونا مثبت کیسز کی مجموعی شرح 2.98 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
مزید جانیے: پاکستان میں کرونا کے نئے وائرس کی تصدیق ہوگئی
ادارہ برائے صحت نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ روز 4 ہزار 334 ٹیسٹ کئے گئے، کرونا کا شکار 14 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب آغا خان یونیورسٹی کراچی نے بھی اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے عملے اور طلبہ میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے، اس کی علامات میں سردی، بخار اور موسمی بخار شامل ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاشرے میں کرونا وائرس تاحال موجود ہے، تمام ہیلتھ کیئر ورکرز سمیت طلبہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں، تمام عملہ و طلبہ ماسک لازمی پہنیں، بوسٹر ڈوز کو اگر 6 ماہ گزر گئے ہیں تو دوبارہ لگوائیں۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کا کہنا ہے کہ تمام عملہ کرونا یا اس جیسی علامات کے مریض کا معائنہ کرتے وقت پی پی ای لازمی پہنیں۔
اس کے علاوہ سندھ انفیکشیئس ڈیزیز اسپتال میں بھی کرونا مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈاکٹر انیل کا کہنا ہے کہ اسپتال میں گزشتہ 15 دنوں کے دوران کرونا مریضوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، اسپتال میں تیزی سے کرونا کے مریض آرہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی علامات میں سینے میں درد و انفیکشن اور تیز بخار شامل ہے، وائرس تیزی سے سینہ اور پھیپھڑوں کو متاثر کرتا ہے، شہری کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، ماسک اور ویکسین ہی کرونا سے بچاؤ کا واحد حل ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کرونا مثبت کیسز وہی ہیں جو پہلے سے کرونا علامات کے ساتھ ٹیسٹ کروا رہے ہیں، سندھ کی آبادی کی اکثریت ویکسینیشن کروا چکی ہے اس لئے شدید بیمار مریضوں کی تعداد بہت تھوڑی ہے۔
ادارے کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں کو کرونا سے بچاؤ کیلئے اب بھی ایس او پیز کا خیال رکھنا ہوگا، ایسے افراد جنہیں ویکسین لگوائے 6 ماہ ہوچکے ہیں وہ بوسٹر ڈوز کو یقینی بنائیں، شہری بازار، ہجوم والے مقامات اور اسپتال جاتے وقت ماسک پہنیں۔