آئی ایم ایف نےنئی شرط عائد کردی
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے قرض معاہدے کی بحالی کیلئے تمام شرائط پر پیشگی عمل درآمد کے باوجود ایک اور شرط عائد کردی۔
باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف کی طرف سے دی گئی تمام پیشگی شرائط پر عملدرآمد مکمل کر چکا، جس میں آخری شرط کمرشل بینکوں سے براہ راست قرض نہ لینے کی تھی،جس سے اتفاق کرلیا گیا تھا ، تاہم آئی ایم ایف کی جانب سے ایک نئی شرط سامنے آئی ہے۔
آئی ایم ایف نےپاکستان سے دوست ممالک سے 30 جون تک فناسنگ کی تحریری یقین دہانی کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب، قطر ،یو اے ای کی طرف سے تحریری یقین دہانی فراہم کی جائے۔
دوسری جانب حکومت پاکستان دوست ممالک سے تحریری یقین دہانی حاصل کرنے کے لئے متحرک ہوگئی ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام نے کہا ہے کہ تحریری یقین دہانی آئی ایم ایف میں اِن ممالک کیلئے ایگزیٹو ڈائریکٹرفراہم کریں گے۔
ذرائع کے مطابق دوست ممالک سے فنانسنگ کی تحریری یقین دہانی کیلئے وزارت خزانہ کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کا دفتر بھی سرگرم ہوگیاہے اورپاکستانی حکام جلد تحریری یقین دہانی حاصل کرنےکےلئےپراُمیدہیں۔
باخبر ذرائع کا کہنا تھاپاکستان اورآئی ایم ایف حکام ترمیم شدہ ایم ای ایف پی پربھی مذاکرات مکمل کرچکے ہیں اور پاکستان چاہتا ہے موسم بہار میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری ہوجائے۔