بے روزگار شخص نے جیل جانے کیلئے پولیس کو ماموں بنادیا
بھارتی ریاست تمل ناڈو میں ایک بے روزگار شخص نے جیل جانے کے لیے پولیس کو ریلوے اسٹیشن اور بس اڈوں میں بم کی جھوٹی اطلاع دے دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں پولیس کو ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈ میں بم کی اطلاع ملی تھی، تلاشی کے بعد یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جھوٹی اطلاع دینے والے کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس شخص کی شناخت 34 سالہ سنتوش کمار کے نام سے ہوئی ہے جو کوئمبٹور کے علاقے میٹو پانم کا رہائشی ہے۔
اپنی گرفتاری کے بعد سنتوش کمار نے بظاہر پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی زندگی گزارنے کے لیے جدوجہد کر رہا تھا اور حکام کو اس منصوبے کے ساتھ فون کیا کہ جب اسے جیل میں ڈال دیا جائے گا تو اسے باقاعدہ کھانا ملے گا۔
پولیس نے کہا کہ 2019 اور 2021 میں بھی سنتوش کمار نے اسی طرح فون کالز کے ذریعے جھوٹی معلومات دی تھیں۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے سنتوش کمار کو جیل بھجوادیا۔