بابر اور رضوان نے پی سی بی کی پیشکش مسترد کردی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے افغانستان کے خلاف سیریز میں آرام کی پیشکش مسترد کردی۔
سماء ٹی وی کے ذرائع کے مطابق بابر اعظم اور محمد رضوان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے افغانستان کیخلاف سیریز میں آرام کی پیشکش مسترد کردی اور کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے بہترین پرفارمرز ہیں اور انہیں آرام کی ضرورت نہیں ہے۔
میڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ پی سی بی 3 میچوں کی سیریز کیلئے قومی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر کو آرام دینے کا منصوبہ بنارہا ہے اور امید کی جارہی تھی کہ شاہین شاہ آفریدی کو اسٹینڈ ان کپتان نامزد کیا جائے گا۔
مزید جانیے : پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی 20 سیریز کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان
یہ اطلاعات بھی تھیں کہ پی ایس ایل میں شانداری کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں صائم ایوب، اعظم خان اور احسان اللہ کو بھی ٹیم میں منتخب کیا جائے گا۔
سماء ٹی وی کے ذرائع کے مطابق بابر اور رضوان کا خیال ہے کہ اگر انہیں آرام دیا گیا تو اس سے ٹیم کا اتحاد متاثر ہوسکتا ہے۔
بابر اعظم اور محمد رضوان ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان کے ٹاپ رینکنگ بلے باز ہیں اور پی ایس ایل 8 کے بھی اب تک کے ٹاپ اسکورر ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔