کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں ناکام، 9 رنز سے شکست

ملتان سلطانز کے عباس آفریدی کی ہیٹ ٹرک، عثمان خان نے تیز ترین سنچری اسکور کی

پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ناکام ہوگیا، ملتان سلطانز کیخلاف 9 رنز سے شکست کے بعد ٹیم فائنل 4 میں بھی جگہ نہیں بناسکی۔

پی ایس ایل 8 کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 263 رنز کا تاریخ کا سب سے بڑا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں نواز الیون 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بناسکی۔

پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں آج کے میچ میں سب سے زیادہ 516 ریکارڈ رنز بنے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عمیر بن یوسف 67 اور افتخار احمد 53 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، ان کے علاوہ مارٹن گپٹل 37، عمر اکمل 28، محمد نواز 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جیسن رائے 6، محمد حفیظ ایک اور عمید آصف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، قیس احمد اور نوین الحق 17، 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے ہیٹ ٹرک کے ساتھ 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، احسن اللہ نے 2 اور انور علی نے ایک شکار کیا۔

اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد نواز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سرفراز احمد انگلی میں چوٹ کی وجہ سے آج کا میچ بھی نہیں کھیل رہے۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ 3 وکٹوں پر 262 رنز ترتیب دے دیا۔

محمد رضوان اور عثمان خان ٹیم کو 10 اوورز میں 157 رنز کا آغاز فراہم کیا، نوجوان بلے باز نے صرف 36 گیندوں پر تیز ترین سنچری بناڈالی، وہ 43 گیندوں پر 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 9 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

ملتان سلطانز کے کپتان بابر اعظم 29 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے، رائیلی روسو 15 رنز بناسکے۔

ٹم ڈیوڈ نے 25 گیندوں پر 43 اور کیرن پولارڈ 14 گیندوں پر 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیس احمد نے 2 اور محمد نواز نے ایک شکار کیا۔

قیس احمد پی ایس ایل تاریخ کے مہنگے ترین بولر رہے انہوں نے 4 اوورز میں 77 رنز دیئے۔

ملتان سلطانز 10 پوائنٹس کے ساتھ ایلیمنیٹرز راؤنڈ میں پہنچ چکی ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے یہ میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا تاہم اگر پشاور زلمی اپنا میچ جیت جاتا ہے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنلز سے باہر ہوجائے گی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو ویسٹ انڈین کھلاڑی اوڈین اسمتھ کا ساتھ حاصل نہیں، وہ انٹرنیشنل میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کیلئے وطن واپس روانہ ہوچکے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ محمد نواز (کپتان) مارٹن گپٹل، جیسن رائے، عمیر بن یوسف، محمد حفیظ، افتخار احمد، عمر اکمل، قیص احمد، عمید آصف، نوین الحق، ایمل خان۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، عثمان خان، رائیلی روسو، ٹم ڈیوڈ، کیرن پولارڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، اظہار الحق نوید، عباس آفریدی اور احسان اللہ شامل ہیں۔

QUETTA GLADIATORS

Multan Sultans

PSL8

PSL2023

Tabool ads will show in this div