پی ایس ایل ایونٹ ختم ہونے سے پہلے 5 انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی وطن واپسی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے 5 کھلاڑی انٹرنیشنل کمٹمنٹ کے باعث پی ایس ایل ادھورا چھوڑ کر چند روز میں اپنے وطن روانہ ہوجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے عقیل حسین، پشاور زلمی کے روومن پاول اور کوئٹہ کے اوڈین اسمتھ انٹرنیشنل کمٹمنٹ کی وجہ سے آج پشاور بمقابلہ ملتان میچ کے بعد اپنے وطن روانہ ہوں گے۔
تینوں پلیئرز جنوبی افریقا کیخلاف وائٹ بال سیریز کیلئے ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شامل ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے جنوبی افریقی بلے باز رسی وان ڈر ڈوسین اپنی ٹیم کو آخری میچ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ وہ بھی انٹرنیشنل کمٹمنٹ کی وجہ سے آج جنوبی افریقا روانہ ہوجائیں گے جبکہ جنوبی افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر ملتان کے آخری گروپ مرحلے کے میچ کے بعد اپنے وطن روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ اگر ملتان پلے آف کیلئے کوالیفائی کرتا ہے تو ڈیوڈ ملر کی جگہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی جانسن چارلس پلے آف کیلئے ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے۔