ویمنز لیگ نمائشی میچ: ایمازونز نے سپر ویمنز سے پہلے میچ کی شکست کا بدلہ لے لیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 میں کھیلے گئے دوسرے ویمنز لیگ نمائشی میچ میں ایمازونز نے سپر ویمنز کو 41 رنز سے شکست دیدی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ویمنز لیگ نمائشی میچ میں ایمازونز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے اور سپر ویمنز کو جیت کیلئے 205 رنز کا ہدف دیا۔
ایمازونز کی طرف سے انگلش کرکٹر ڈینی ویٹ نے 45 گیندوں پر 17 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 97 رنز بنائے جبکہ کپتان بسمہ معروف نے 51 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے شامل تھے۔
سپر ویمنز کی جانب سے طوبیٰ حسن نے 2 اور لی تاہوہو نے ایک وکٹ لی۔
مشکل ہدف کے تعاقب میں سپر ویمنز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 163 رنز بناسکی۔
سپر ویمنز کی لارین ون فیلڈ ہل نے 42 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے، فاتح ٹیم کی انعم امین نے 4 جبکہ فاطمہ ثناء نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
شاندار بیٹنگ پر ایمازونز کی بیٹر ڈینی ویٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ پہلے ویمنز لیگ نمائشی میچ میں سپر ویمنز نے ایمازونز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن میچ کل (ہفتہ کو) راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔