اماراتی خلاء باز کی عالمی خلائی اسٹیشن سے حاکم دبئی کو ویڈیو کال
متحدہ عرب امارات کے خلاء باز سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد سے ویڈیو کال پر بات کرکے تاریخ رقم کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای سے تعلق رکھنے والے خلاء باز سلطان النیادی 4 روز قبل فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس ایکس ڈریگن کیپسول پر 24 گھنٹے کے سفر کے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچے ہیں۔
سلطان النیادی کی ویڈیو کال سے قبل شیخ محمد بن راشد دبئی میں اپنے ہی نام سے منسوب خلائی مرکز پہنچے تھے، ناسا ٹی وی نے یہ گفتگو براہ راست لنک اپ کے ذریعے نشر کی تھی۔
متحدہ عرب امارات کے خلاء باز سلطان النیادی اگلے 6 ماہ خلاء میں گزاریں گے جو عرب دنیا کا سب سے طویل خلائی مشن ہوگا۔
شیخ محمد نے النیادی کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہم آپ کے بخیریت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات اور عرب دنیا کے نوجوانوں کیلئے آپ ایک مثال ہیں۔
شیخ محمد اور سلطان النیادی کے درمیان سائنسی مشن کے دوران مختلف قسم کے تجربات کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔
یو اے ای کے 41 سالہ سلطان النیادی 200 سے زائد تجربات میں حصہ لیں گے جو زمین کے مدار سے باہر زندگی کے امکانات کیلئے تیاری کے ساتھ ساتھ زمینی حیات کو بھی فائدہ پہنچائیں گے۔
تجربات میں مائیکرو گریوٹی میں مخصوص مواد کیسے جلتے ہیں، دل، دماغ اور کارٹلیج کے افعال کی نگرانی اور خلائی اسٹیشن کے باہر سے حیاتیاتی نمونے جمع کرنیوالی تحقیقات شامل ہوں گی۔