شاداب خان کی کامیابی کا کریڈٹ کس کو جاتا ہے؟
شاداب خان کا کہنا ہے کہ میری زندگی میں پی ایس ایل کا بہت اہم کردار ہے، میری کامیابی کا 80، 90 فیصد کریڈٹ اسی ایونٹ کو جاتا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ میری زندگی میں پی ایس ایل کا بہت اہم کردار ہے، جب میں ایمرجنگ کھلاڑی کے طور پر کھیلتا تھا تو مجھے کوئی نہیں جانتا تھا، لیکن جب میں نے پی ایس ایل کھیلا تو ناصرف مجھے شناخت ملی بلکہ ساتھ ہی خود اعتمادی بھی پیدا ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میری کامیابی کا 80، 90 فیصد کریڈٹ پاکستان سپر لیگ کو جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2016ء میں جب پی ایس ایل کا پہلا سیشن تھا اور ہم وہ کھیل کر واپس آئے تو مجھے پاکستان کپ کیلئے ڈرافٹ میں سلیکٹ کیا گیا، پھر زمبابوے کیخلاف کھیل کر واپس آیا تو پی ایس ایل 2017ء کیلئے اسلام آباد میں سپلیمنٹری پک ہوا، جب میں اُس کیلئے جارہا تھا تو مجھے خود پر یقین تھا کہ مجھ میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ میں اچھا کھیل سکتا ہوں۔
شاداب خان کا کہنا ہے کہ میں کوشش کرتا ہوں کہ میں جیسا ہوں، ویسا ہی رہوں اور اپنے مزاج میں کوئی تبدیلی نہ لاؤں، میں آج بھی جب گھر جاتا ہوں تو زمین پر سوتا ہوں۔
انہوں نے کہا کے مجھے ٹیم سے بڑی توقع ہے کیوں کہ ہم پچھلے 2 سال سے تیسرے نمبر پر آرہے ہیں، کوشش کریں گے کہ اس بار فائنل کھیلیں اور ٹرافی جیتیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ پاکستان سپر لیگ 8 کے پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔